Thursday, February 23, 2012

سیاست کو مافیا سے بچائیں


اکثر کہا جاتا ہے کہ سیاست میں اگر اچھے لوگ نہیں آئیں گے تو انہیں برے لوگوں کو جھیلنا ہی ہوگا۔موجودہ صورت حال تو یہ ہے کہ اب تو میونسپل الیکشن بھی وہی لڑسکتا ہے جو بیس سے پچیس لاکھ روپئے خرچ کرنے کی استطاعت رکھتا ہو۔ممبئی میونسپل الیکشن ابھی حال ہی میں ختم ہوا ہے ۔الیکشن کمیشن نے انتخابی خرچ کی حد کچھ بھی مقرر کی ہو ۔مگر امیدواروں نے الیکشن آفس ،ورکروں کی فوج ،موٹر گاڑیوں ،جلسوں ،بینرس،پوسٹرس اور ہینڈ بلوں پر تو لاکھوں خرچ کیا ہی اس کے علاوہ خفیہ طور پر ووٹوں کے جگاڑ اور ٹکٹ کے حصول کے لئے نہ جانے کتنا خرچ کیا ہوگا اس کا اندازہ بھی نہیں لگایا جاسکتا ہے۔کانگریس کے سابق کارپوریٹر خان محمد بستی والانے تو اپنی ہی پارٹی پر ٹکٹ کے عوض پچاس لاکھ روپئے کا مطالبہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔پھر سوچئے کہ اسمبلی اور لوک سبھا کے الیکشن لڑنے کے لئے تو قارون کا خزانہ پاس میں ہونا چاہئے۔جن کے انتخابی اخراجات دس لاکھ سے پچاس لاکھ روزانہ ہوتے ہیں۔اسی لئے امیدوار جیتنے کے بعد اپنے خرچ کئے ہوئے لاکھوں اور کروڑوں روپئے بد عنوانی کے ذریعے،عوامی فنڈ میں خرد برد کرکے ، ٹھیکیداروں سے کمیشن اور گھوٹالوں کے ذریعے وصولتا ہے۔یا پھر جن کے مالی تعاون سے اس نے اپنی انتخابی مہم چلائی تھی،انکے مفاد کے لئے کام کرتا ہے نہ کہ ووٹ دینے والی عوام کے لئے۔
ایسی صورت میں اگر عوام ہی میں سے کوئی اسکول کا ٹیچر،صحافی ،ٹیکسی یا رکشا ڈرائیور،مدرسے کا مولوی ،چھوٹا موٹا تاجر ،مزدور یا خاتون خانہ جو باصلاحیت ،ایماندار ہو،اور اپنے روز مرہ کے مسائل ،سیای لیڈروں کی بے رخی سے پریشان ہو ں تو وہ کیسے سیاست میں آئیں ۔الیکشن لڑکر ایوان میں پہنچ کر اپنی آواز اٹھائیں تو کیسے؟اپنا گھر بار بیچ کر بھی وہ الیکشن لڑ نہیں سکتے ،لہٰذا وہ صرف اور صرف ووٹ دینے اور نہ دینے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر سکتے ۔اسی لئے سیاست آج جرائم پیشہ ،فلمی ستاروں ،سرمایہ داروں اور سیاسی مافیاؤں (نیتاؤں) کے بیٹوں اور رشتے داروں کے لئے ہی مخصوص ہو کر رہ گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ الیکشن میں روپئے پیسے کے بے دریغ اخراجات پر اور نکیل کسے اور ایسے قانون وضع کرے جس سے عوامی سطح سے لوگوں کو سیاست میں آنے میں آسانی ہو ۔مشتہر کرنے کے روایتی طریقے بھی ختم کئے جائیں ۔عوامی اور سماجی تنظیمیں اس کے لئے آگے آکر تحریک چلائیں اور ماحول بنائیں جس سے عوام اور ملک دونوں کا بھلا ہوگا۔

محفوظ الرحمن انصاری۔نیا نگر۔مور لینڈ روڈ۔ممبئی 400008.موبائل۔09869398281

No comments:

Post a Comment